ہاٹ لائن نیوز : لاہو ہائیکورٹ میں خدیجہ شاہ کی ایف آئی اے میں منی لانڈرنگ کی انکوائری کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی ، عدالت نے خدیجہ شاہ کے خلاف کوئی بھی تادیبی کاروائی کرنے سے روک دیا ۔
جسٹس علی باقر نجفی نے خدیجہ شاہ کی درخواست پر سماعت کی ، درخواست میں ایف آئی اے سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ۔
درخواست گزار کے وکیل سمیر کھوسہ نے موقف اختیار کیا کہ خدیجہ شاہ مختلف مقدمات میں گرفتار ہیں ، خدیجہ شاہ کو ضمانت ملنے کے بعد ایک کے بعد ایک نئے مقدمے میں گرفتار کیا جاتا رہاہے ، ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ کی انکوائری بدنیتی کی بنیاد پر شروع کی ۔
درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت منی لانڈرنگ کی انکوائری غیر قانونی قرار دینے کا حکم دے ۔
درخواست گزار کے وکیل کے مطابق ایف آئی اے کو اس حوالے سے کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی یہ ایک سوموٹو انکوائری ہےکوئی بھی انکوائری کسی معلومات کی بنیاد پر ہوتی ہے ، عدالت نے تادیبی کاروائی سے روکتے ہوئے کیس کی سماعت 22 دسمبر تک ملتوی کر دی ۔