ہاٹ لائن نیوز : اڈیالہ جیل پولیس نے سائفر کیس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو جوڈیشل کمپلیکس میں پیش کرنے سے معذرت کرلی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی خصوصی عدالت میں جج ابوالحسنات ذوالقرنین سائفر کیس کی سماعت کر رہے ہیں۔ ایف آئی اے پراسیکیوٹر شاہ خاور کے ہمراہ چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر بھی عدالت میں موجود ہیں۔
اس حوالے سے اڈیالہ جیل حکام نے عدالت میں رپورٹ جمع کراتے ہوئے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو عدالت میں پیش نہیں کر سکتے۔ اسلام آباد پولیس نے اضافی سیکیورٹی کے لیے لکھا ہے، انہیں شدید سیکیورٹی خدشات ہیں۔
اس موقع پر وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ امید تھی چیئرمین پی ٹی آئی کو پیش کریں گے، میرے کچھ خدشات تھے کہ ہم جلدی میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو 23 نومبر کو طلب کیاتھا۔
عمران خان کی بہنیں اور شاہ محمود کی بیٹی بھی عدالت میں موجود ہیں۔