ہاٹ لائن نیوز : لاہور ہائیکورٹ میں عام انتخابات کے لیے پنجاب کی بیوروکریسی سے ریٹرننگ افسران لینے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی ،عدالت نے الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ، عدالت نے اٹارنی جنرل کو آئندہ سماعت پر معاونت کے لیے طلب کرلیا ۔
وکیل درخواست گزار کا کہنا ہے کہ ریٹرننگ افسر اگر عدلیہ سے ہونگے تو عوام کا اعتماد بڑھے گا جس پر عدالت نے کہا کہ عدلیہ کے پاس پہلے ہی کیسز کی تعداد بہت زیادہ ہے ۔
وکیل درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت الیکشن کمیشن کو عام انتخابات کے لیے جوڈیشری سے آر اوز لینے کے لیے رابطے کی ہدایت کرے ۔
جسٹس علی باقر نجفی نے عمیر خان نیازی کی درخواست پر سماعت کی ، عدالت نے سماعت بارہ دسمبر تک ملتوی کردی ۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے 8 فروری کو عام انتخابات کا اعلان کیا ہے،الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ افسران کے لیے حکومت سے رابط کیا ہے،نگران حکومت سے غیر جانبدار اور شفاف انتخابات کی امید نہیں کی جا سکتی ۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت الیکشن کمیشن کا آر اوز اور ڈی آر اوز کے لیے بیورو کریسی کی تعیناتی کا فیصلہ غیر قانونی قرار دے ۔