سابق صدر آصف زرداری کے خلاف 25 سال پرانے کیسز میں نیب کی اپیلیں ایک بار پھر سماعت کے لیے مقرر کر دی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ سابق صدر آصف زرداری کی بریت کے خلاف نیب کی اپیلوں پرسماعت کرے گی۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ پیرکے روز نیب کی اپیلوں پر کیس کی سماعت کریں گے۔
عدالت نے نیب کو مزید عدالتی وقت ضائع نہ کرنے اور کیس کی تیاری کی ہدایت دے رکھی ہے جبکہ نیب نے آصف زرداری کی ارسسز ٹریکٹر،اے آر وائی گولڈ ریفرنس میں بریت کو چیلنج کیا ہے۔
ایس جی ایس اورکوٹیکنا ریفرنسزمیں بھی آصف زرداری کی بریت کے خلاف نیب اپیل زیر سماعت ہے۔
نیب نے سات سال قبل آصف زرداری کی بریت کے خلاف اپیل دائرکررکھی ہے۔
دوسری جانب احتساب عدالت اسلام آباد نے سابق صدر آصف زرداری اور دیگر کے خلاف ٹھٹھہ واٹرسپلائی ریفرنس کی سماعت کی۔
احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے ریفرنس کی سماعت کی جبکہ آصف زرداری سمیت دیگر ملزمان کی جانب سے ایک روزہ حاضری سے استثنی کی درخواستیں پیش کی گئیں۔
فاروق ایچ نائیک کے بیرون ملک ہونے کے باعث بریت کی درخواستوں پر جرح نہ ہو سکی جس کے باعث احتساب عدالت نے سماعت مزید کارووائی کیلئے 25مئی تک ملتوی کردی۔
آصف زرداری کی جانب سے ایک روزہ عدالتی حاضری سے استثنی کی درخواست منظورکی گئی۔