راولپنڈی(ہاٹ لائن): وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے انٹرپول کی مدد سے قتل کے مختلف مقدمات میں پنجاب پولیس کو مطلوب5ملزمان کو بیرون ملک سے گرفتار کرکے پاکستان منتقل کرکے پولیس کے حوالے کردیا۔
حکام کے مطابق ملزمان محمود وقاص، محمد ندیم، شاہ محمد گوندل، رمیز خان اور عباس علی قتل کے مقدمات میں ملوث تھے اور پنجاب پولیس کو مطلوب تھے۔
ملزمان مختلف اوقات میں متحدہ عرب امارات فرار ہو جانے میں کامیاب رہے جن کی گرفتاری کے لیے پنجاب پولیس نے ایف آئی اے سے رجوع کررکھا تھا۔
ملزمان کی گرفتاری کے لئے انٹرپول کی جانب سے ریڈ نوٹس جاری کیے گئے۔ متحدہ عرب امارات سے پانچوں ملزمان کو گرفتار کر کے پاکستان منتقل کرکے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرراولپنڈی ،سیالکوٹ، شیخوپورہ اور گجرات پولیس کے حوالے کر دیا گیا جنہیں متعلقہ تھانوں میں منتقل کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔