
ہاٹ لائن نیوز : لاہور ہائیکورٹ میں حلقہ بندیاں درست نہ کرنے کیخلاف درخواستوں پر سماعت ہوئی ۔ عدالت نے الیکشن کمیشن کو 8 دسمبر کیلئے نوٹس جاری کرکے جواب طلب کرلیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے لاہور اور حافظ آباد کی حلقہ بندیوں کیخلاف درخواستوں پر سماعت کیا ، اعظم نذیر تارڑ ایڈووکیٹ سپریم کورٹ نے دلائل دیئے ۔ن لیگ کےراہنما عطاتارڑ عدالت میں پیش ہوئے ۔
دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ لاہور کے حلقہ این اے 123 اور گکھڑ منڈی کے حلقوں میں تبدیلی کی گئی حلقہ بندیاں تبدیل کرتے وقت قانون کو مدنظر نہیں رکھا گیا
وکیل نے نکتہ اٹھایا کہ ایک حلقے کی آبادی بڑھا دی گئی اور دوسرے حلقے کی آبادی کم کردی گئی قانون میں دیئے گئے تناسب سے زیادہ یا کم حلقوں کی آبادی نہیں کی جاسکتی عدالت غیر منصفانہ بنیاد پر کی گئی حلقہ بندیوں کو کالعدم قرار دے ۔
عدالت نے درخواست کو سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو 8 دسمبر کیلئے نوٹس جاری کرکے جواب طلب کرلیا۔