اقوام متحدہ میں ترکی کا نام بدلنے کی توثیق، نیا نام کیا رکھا گیا؟ 28

اقوام متحدہ میں ترکی کا نام بدلنے کی توثیق، نیا نام کیا رکھا گیا؟

اقوام متحدہ نے ترکی کا نام بدل کر ترکیہ کرنے کی توثیق کردی ہے۔ اور اس تبدیلی کی درخواست ترک حکومت کی جانب سے کی گئی تھی۔ اقوام متحدہ کے ترجمان نے بتایا کہ یکم جون کو ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اوغلو کی جانب سے ایک مراسلہ جنرل سیکرٹری کے حوالے کیا گیا تھا۔ اس مراسلے میں درخواست کی گئی تھی کہ عالمی ادارے کی جانب سے تمام امور کے لیے ترکی کی بجائے ترکیہ نام استعمال کیا جائے۔ ترجمان نے کہا کہ اس مراسلے کے ساتھ ہی ملک کے نام میں تبدیلی کی توثیق ہوگئی تھی۔
ترک وزیر خارجہ نے یہ مراسلہ اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی اداروں میں جمع کرانے کا اعلان 31 مئی کو کیا تھا۔ ترک صدر رجب طیب اردگان نے دسمبر 2021 میں ترکی کا نام بدل کر ترکیہ رکھنے کا اعلان کیا تھا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا تھا کہ لفظ ترکیہ ہماری ثقافت، تہذیب اور اقدار کی زیادہ بہتر نمائندگی اور عکاسی کرتا ہے۔ ترک زبان میں بھی ترکی کو ترکیہ ہی کہا جاتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں