احمد شہزاد نے راہیں جدا کرلیں
ہاٹ لائن نیوز : پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن میں کسی بھی فرنچائز کی جانب سے انتخاب نہ کیے جانے کے بعد احمد شہزاد نے لیگ سے علیحدگی کا اعلان کردیا۔
سینئر کرکٹر احمد شہزاد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر (X) پر ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ڈومیسٹک لیول پر کارکردگی دکھانے کے باوجود پی ایس ایل 9 میں منتخب نہ ہوسکا، اس کے بعد دوبارہ لیگ کھیلنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
انہوں نے فرنچائزز پر الزام لگایا کہ لگتا ہے تمام 6 فرنچائزز نے مجھے لیگ سے باہر رکھنے کی سازش کی، پاکستان کے لیے کھیلنا ہمیشہ اولین ترجیح رہا، کبھی پیسے کے لیے نہیں کھیلا۔
کرکٹر نے کہا کہ غیر ملکی لیگز کی آفرز کے باوجود ڈومیسٹک لیگ کو ترجیح دی، وطن سے محبت کا اس سے بڑا ثبوت کیا ہو سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میرے پرستار اور کرکٹ کے کھیل سے محبت کرنے والوں کو جلد پتہ چل جائے گا کہ مجھے پی ایس ایل سے کیوں دور رکھا جا رہا ہے۔