آشوب چشم سے کیسے محفوظ رہا جائے
کراچی: ( ہاٹ لائن نیوز) ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں آشوب چشم کی وبا پھوٹ پڑی ہے۔ اس میں آنکھوں میں شدید جلن اور درد نمایاں ہے۔
ماہرین نے اس کو وائرس کا حملہ قرار دیا ہے ، شہر کے نجی اور سرکاری اسپتالوں میں روزانہ آشوب چشم کے درجنوں مریض لائے جارہے ہیں ۔ اس مرض میں انتہائی آنکھیں سرخ ہوجاتی ہیں اور آنکھوں میں تکلیف بہت زیادہ بڑھ جاتی ہے۔
کراچی کے ایک بڑے سرکاری اسپتال میں روزانہ آشوب چشم کے 50 سے زائد مریض لائے جارہے ہیں ، جن میں ہر عمر کے افراد یکساں طور پر موجود ہیں۔
متاثرہ شخص کے تولیے کے استعمال سے تندرست افراد بھی اس وائرس کا تیزی سے شکار ہورہے ہیں ، یہ وائرل انفیکشن 8 سے 10 روز تک برقرار رہتا ہے۔ اس میں آنکھوں کی تکلیف، ا سرخی ،چبھن اور درد محسوس ہوتا ہے ۔
ڈاکٹرز نے متاثرہ افراد کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی ذاتی استعمال کی اشیا خاص طور پر تولیے ، تکیے اور چادر وغیرہ کو بالکل الگ تھلگ رکھیں ، اور ان کی مکمل صفائی کا بھی خیال رکھیں ۔
ڈاکٹرز نے ہدایات دی ہیں کہ آنکھوں کو صاف رکھیں اور معالج کے تجویز کردہ ڈراپس کا استعمال کریں ۔ ٹھنڈے پانی کو آنکھوں پر ڈالیں ۔ سب سے بڑھ کر صفائی کا خیال رکھیں اور باقی افراد سے الگ تھلگ رہیں کیوں کہ یہ ایک متعدی مرض ہے جو ایک دوسرے سے تیزی سے پھیل رہا ہے ۔