
ہاٹ لائن نیوز : صارفین کو آئی فون کے نئے ماڈل کا بے صبری سے انتظار ہے تاہم 16 سیریز کو کئی ماہ میں متعارف کرایا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق ایپل آئی فون 16 پرو اور 16 پرو میکس نے پہلے ہی اس کے بارے میں بات کرنا شروع کر دی ہے، میک ریومرز نے آئی فون 16 پرو ماڈلز کے پروٹوٹائپ سکیچز جاری کر دیے ہیں۔ یہ دونوں فون آئی فون 15 پرو اور 15 پرو میکس سے ملتے جلتے نظر آتے ہیں۔
تاہم، تصاویر بتاتی ہیں کہ آئی فون 16 پرو اور 16 پرو میکس کا ڈسپلے سائز بڑا ہوگا، جبکہ کیپچر بٹن ان کے دائیں جانب پاور بٹن کے نیچے شامل کیا جائے گا۔
آئی فون 16 پرو میں 6.27 انچ ڈسپلے کا امکان ہے، جبکہ 16 پرو میکس میں 6.85 انچ ڈسپلے ہوسکتا ہے۔ دونوں فونز کے کیمرہ سیٹ اپ کو بھی اپ ڈیٹ کیے جانے کا امکان ہے۔
کیپچر بٹن صرف پرو ماڈلز میں متعارف کرایا جائے گا اور کیمرہ ایپ تک رسائی کے لیے شارٹ کٹ فراہم کرے گا۔
آئی فون 16 سیریز کے چاروں ماڈلز ایپل کے A18 پروسیسر سے چلنے کا امکان ہے، جبکہ iOS 18 بھی اس کا حصہ ہوگا۔
تاہم، فون کی اس سیریز میں ہارڈ ویئر میں بڑی تبدیلیاں کیے جانے کا امکان نہیں ہے۔
واضح رہے کہ ایپل کے نئے آئی فونز ستمبر میں متعارف کرائےجاتے ہیں، اس لیے صارفین کو آئی فون 16 سیریز کے لیے کم از کم 9 ماہ انتظار کرنا پڑے گا۔