ہاٹ لائن نیوز : انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کرکٹ قوانین میں مزید تبدیلیاں کی ہیں۔
نئی پلیئنگ کنڈیشن کے مطابق اگر آن فیلڈ امپائر اسٹمپ کی اپیل کریں گے تو ٹی وی امپائر کیچ کا جائزہ نہیں لے سکیں گے، کیچ کے لیے الگ سے جائزہ لینا ہوگا۔
آئی سی سی نے کن کشن کے اصول کو بھی مزید واضح کر دیا ہے، باؤلنگ کے دوران کن کشن کی وجہ سے معطل کھلاڑی کے متبادل کو باؤلنگ کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
آئی سی سی نے میدان میں چوٹ کی تشخیص اور علاج کے لیے مختص وقت کو بھی 4 منٹ تک محدود کر دیا۔
اس سے قبل آئی سی سی کی جانب سے کہا گیا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے میں اوورز کے دوران اسٹاپ واچ کا استعمال کیا جائے گا۔
میچ میں 3 اوورز کے درمیان 60 سیکنڈ سے زیادہ وقت لینے پر 5 رنز کا جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
آئی سی سی کے مطابق اگر پچ یا آؤٹ فیلڈ کو 5 سال کے عرصے میں 5 یا 6 ڈی میرٹ پوائنٹس ملتے ہیں تو گراؤنڈ کی بین الاقوامی حیثیت ختم ہو جائے گی۔
مینز اور ویمنز آفیشل کی میچ فیس برابر کردی گئی، ویمنز کرکٹ میچ میں آفیشل کو بھی مینز کرکٹ کے برابر میچ فیس ملے گی۔